نئی دہلی،11 مارچ(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) آئندہ لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر دہلی کے چیف الیکشن آفیسر (سی ای او) رنبیر سنگھ نے پیر کو کہا کہ دہلی میں گزشتہ دو ماہ میں تقریبا دو لاکھ لوگ ووٹر لسٹ میں شامل ہوئے جس سے موجودہ وقت میں ووٹروں کی تعداد 1.39 کروڑ پر پہنچ گئی ہے۔ بہرحال سنگھ نے بتایا کہ تقریباً90,000ووٹروں کی عرضیاں عمل میں ہیں اور انہوں نے پہلی بار ووٹر بننے والے لوگوں سے اپنے نام ووٹر لسٹ میں شامل کرنے کے لئے جلد سے جلد درخواست دینے کے لئے کہا ہے۔عام انتخابات 11 اپریل کو شروع ہوں گے اور سات مراحل میں کرائے جائیں گے۔ووٹوں کی گنتی 23 مئی کو ہوگی۔دہلی میں 12 مئی کو انتخابات ہونے ہیں۔
سنگھ نے بتایا کہ قومی دارالحکومت میں لوک سبھا انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی دائر کرنے کی آخری تاریخ 23 اپریل ہے۔انہوں نے بتایا کہ نوٹیفکیشن 16 اپریل کو جاری کئے جائیں گے اور نامزدگی دائر کرنے کی آخری تاریخ 23 اپریل ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ چھنٹنی 24 اپریل کو کی جائے گی اور نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 26 اپریل ہوگی۔قومی دارالحکومت میں ابھی تک ووٹر لسٹ میں تقریباً1.39 کروڑ ووٹر ہیں جو اس سال 18 جنوری کی تعداد سے تقریبا دو لاکھ زیادہ ہے۔انہوں نے کہاکہ 18 جنوری کو دہلی کی ووٹر لسٹ میں ووٹروں کی کل تعداد 1,36,95,291ہے اور اس کے بعد سے اس میں تقریبا دو لاکھ ووٹرکا اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے بتایا کہ مرد اور خواتین ووٹروں کی کل تعداد بالترتیب 76,61,680اور 62,35,814ہے جبکہ تیسرے جنس کے ووٹر 647 ہیں۔سنگھ نے بتایا کہ 2,696مقامات پر پولنگ بوتھ بنائے جائیں گے۔13,816 پولنگ بوتھ بنائے جائیں گے۔ہر حلقہ میں ایک ماڈل پولنگ اسٹیشن ہوگا۔دہلی میں لوک سبھا کی سات اور اسمبلی کی 70 سیٹیں ہیں۔